اسلام آباد(صباح نیوز) گرمیوں کے موسم میں ملک بھر میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے فوری طور پر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت توانائی سیکٹر، پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور بجلی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اجلاس ہوا۔
دوران اجلاس وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں گیس اور بجلی کا بحران پیدا نہیں ہونے دیا جائے گا۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے لوڈ شیڈنگ کی وجوہات کے متعلق تحقیقات کرنے اور اس پر فوری طور پر قابو پانے کے متعلق احکامات جاری کیے ہیں۔
شہباز شریف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی پیداوار میں سابق حکومت کی جانب سے اضافے کے دعوے کئے گئے تھے تو اب کیوں لوڈ شیڈنگ ہے۔
خیال رہے کہ اجلاس میں شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور وزارت پیٹرولیم اور خزانہ کے حکام موجود تھے۔