اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ فارمیشنز کمانڈرز کانفرنس کے بارے میں آئی۔ایس۔پی۔آر کے اعلامیے نے عمران خان کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے اور ان کے جھوٹ کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔
آئی۔ایس۔پی۔آر کی طرف سے جاری ہونے والے اعلامیے پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ عمران خان جس جمہوری مشق کو غیرملکی سازش اور غداری کا نام دے رہا تھا، فارمیشن کمانڈرز نے اسے آئین وقانون کی سربلندی کا عمل قرار دے کر اس سلسلے میں اپنی قیادت کے کردار پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ حالیہ بحران میں عسکری قیادت کے کردار کو پوری قوم نے سراہا ہے اور عدلیہ نے بھی نیک نامی کمائی ہے۔ عمران خان نے ہوس اقتدار میں 70 فی صد ووٹ لینے والی سیاسی قیادت کو غدار قرار دے کر عوام کو گالی دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فوج کے اس اعلامیے کے بعد خان صاحب کو سازش اور غداری کے بیانیئے سے تائب ہوکر پوری قوم سے معافی مانگنی چاہئیے۔