شہزاد اکبر اور شہباز گل کا نام سٹاپ لسٹ میں ڈالے جانے کا حکم معطل


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر اور پی ٹی آئی رہنما شہبازگل کے نام سٹاپ لسٹ میں شامل کرنے کا  حکم معطل کردیا۔

عمران خان کے سابق مشیر شہزاد اکبر اور سابق معاون خصوصی شہباز گل ایف آئی اے کی جانب سے نام واچ لسٹ میں شامل کرنے کے اقدام کو چیلنج کرنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں نے درخواستیںالگ الگ دائر کیں جن پر جلد  سماعت کے لیے  بینچ تشکیل دینے کی استدعا کی گئی۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے اپنی درخواستوں میں موقف اپنایا ہے کہ ان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں لہذا ان کی بیرون ملک روانگی پر  پابندی کو ختم کیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواست پر سماعت کی جس میں عدالت  نے استفسار کیا کہ مجازافسران مقررکریں جو وضاحت کریں کہ کس کے کہنے پرنام واچ لسٹ شامل کیا۔

عدالت  نے درخواست پر مختصر سماعت کے بعد شہزاد اکبر اور شہباز گل کا نام سٹاپ لسٹ میں ڈالنے کا حکم معطل کردیا۔عدالت نے ڈی  جی ایف آئی اے اور سیکرٹری داخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل صبح ساڑھے 10  بجے تک ملتوی کردی۔