ہمیں موجودہ انداز سیاست اور طرز قیادت کو بدلنا ہوگا، دردانہ صدیقی


کراچی(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ ہمیں موجودہ انداز سیاست اور طرز قیادت کو بدلنا ہوگا ، یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب اللہ کے دیے گئے دستور حیات قرآن مجید کے مطابق تمام حکومتی امور اور عدالتی فیصلے انجام پائیں،اللہ تعالی نے کتاب مبین کے آغاز میں ہی صراط مستقیم کی نشاندہی کر دی ہے، جس کے لیے طلب صادق،جستجو،علم اور دعا نشان منزل قرار پائے ہیں۔ اللہ تعالی نے ہر امت سے حقوق اللہ کے بعد حقوق العباد کی ادائیگی کا پختہ عہد لیا مگر آج معمولی خواہشات اور ذاتی مفادات کی خاطر دوسروں کی حق تلفی کو اپنا وطیرہ بنا لیا گیاہے۔

ان خیالات کا اظہا ر دردانہ صدیقی نے دورہ قرآن کے دوران سور النسا کی تشریح بیان کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سور النسا کی روشنی میں اللہ تعالی نے امانتوں کو اچھے انداز میں اہل امانت کے سپرد کرنے کا حکم دیا ہے اور عدل کے ساتھ فیصلہ کرنے کو کسی بھی نظام حکومت کی کامیابی کی کنجی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ جیسی ماڈل مملکت بنانے کے لئے اگر وزیر اور مشیر فرسودہ کرپٹ نظام سے جمع کرنا اور پھر اپنے نظام حکومت کی تمام غلطیوں اور کوتاہیوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے طاغوتی قوتوں کو چیلنج کرنا اسلامی طرز حکومت کے اوصاف نہیں ہیں۔

ممبران اسمبلی کی خریدوفروخت جب آپ کی کامیابی کا ذریعہ بنے تو وہ جائز قرار پائے اور وہی خریدوفروخت جب فریق مخالف کرے تو وہ غلط طرز عمل قرار پائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس انداز سیاست اور طرز قیادت کو بدلنا ہوگا اور یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب زمام کار مومنین اور صالحین کے ہاتھ میں آجائے اور اللہ کے دیے گئے دستور حیات قرآن مجید کے مطابق تمام حکومتی امور اور عدالتی فیصلے انجام پائیں۔