کراچی ( صباح نیوز) 11اپریل 2022 جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ تاریخی ہے، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے ذریعے ہی مسائل سے نجات اور ملک کو ترقی کی طرف گامزن کیا جاسکتا ہے، حکومت مہنگائی پر کنٹرول اور احترام رمضان آرڈیننس پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائے، جماعت اسلامی کے تحت10رمضان المبارک کو کراچی تا کشمور سندھ بھر میں یومِ باب الاسلام بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں منصوبہ عمل2022,23،انفاق فی سبیل اللہ، بلدیاتی انتخابات سمیت دیگر سیاسی وتنظیمی امور پر غور کیا گیا، صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے منصوبہ عمل پر عملدرآمد کی تفصیلات پیش کی جبکہ بیرون شہر ذمہ داران نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
صوبائی امیر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی قیادت سے قوم کو بڑی امیدیں وابستہ تھیں مگر ان کے ساڑھے تین سالہ دور میں عوام کو مہنگائی،بیروزگاری،کرپشن اور مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملا، نئے آنے والے حکمران بھی آزمائے ہوئے ہیں ان سے زیادہ توقعات رکھنا فضول ہے اسلئے جماعت اسلامی چہرے نہیں نظام بدلنے کی جدوجہد کررہی ہے، اسی میں ہی ملک وقوم کو مسائل سے نجات دلائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان شریف جہاں اسلامی فتوحات کا مہینہ ہے وہاں پریہ ماہ مقدس روزہ، نماز، تراویح ودیگر عبادات کے ذریعے اپنی اصلاح اور جنت کے حصول کا اہم ذریعہ ہے ، آخر میں سابق مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد انور نیازی ودیگر مرحومین کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔