پی ٹی آئی کو شکست تسلیم کر کے اپوزیشن میں بیٹھنا چاہئے، شیری رحمان


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان عوامی مطالبے پر آئینی اور پارلیمانی طریقہ کار کے مطابق ہٹائے گئے، پاکستان تحریک انصاف کو شکست تسلیم کر کے اپوزیشن میں بیٹھنا چاہئے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیری رحمن نے کہا کہ تحریک انصاف سیاسی شہید بننے کی ناکام کوشش کر رہی ہے،ان کے خلاف ناکامیوں، نااہلیوں، بدانتظامیوں، بحرانوں اور سکینڈلز کی ایک طویل چارج شیٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ایک طرف مجموعی استعفوں کی بات ہو رہی ہے تودوسری طرف وزیراعظم کے لئے امیدوار نامزد کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پہلے سے بٹی ہوئی تھی ،حکومت ختم ہونے کے بعد مزید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے پیدا کردہ بحرانوں اور مسائل کے ملک پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔