جہانگیرترین 16اپریل کو لاہورپہنچیں گے


لاہور (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر خان ترین 16 اپریل کو لاہور پہنچیں گے ۔جہانگیر ترین کی طبیعت میں بہتری آگئی اور ڈاکٹرز نے انہیں سفر کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

ترین گروپ کے ترجمان عون چوہدری کے مطابق جہانگیرترین وطن آ کر اپنے گروپ کی قیادت کریں گے۔جہانگیر ترین نے نجی ایئرلائن سے 15اپریل کو لندن سے لاہور کا ٹکٹ بک کروالیا۔ ترین گروپ کے تمام اراکین 16اپریل کو ایئرپورٹ جاکر ان کا استقبال کریں گے۔

عون چوہدری نے نجی ٹی وی کو بتایا ہے کہ جہانگیر ترین پاکستان پہنچنے کے بعد عبدالعلیم خان،چوہدری محمد سرور، ملک اسد کھوکھرسمیت دیگر تمام پی ٹی آئی رہنمائوں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے اور سیاسی طور پر مشترکہ لائحہ عمل کا بھی اعلان کریں گے۔

جہانگیر ترین کی مشترکہ اپوزیشن کے وزیراعظم کے امیدوار میاں محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار محمد حمزہ شہباز شریف سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

قوی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ جہانگیر خان ترین پی ٹی آئی کے تمام ناراض دھڑوں کو اکٹھا کر کے مرکز اور پنجاب میں (ن)لیگ کی کھل کر حمایت کریں گے۔