کراچی (صباح نیوز)سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کے اہلخانہ کو تھانے طلب کرنے سے روک دیا۔
سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد سے متعلق تحقیقات کے لئے تفتیشی افسر اہلخانہ کے پاس جایا کرے۔ عدالت نے کہا ہے کہ آئندہ کسی فیملی کو تھانے طلب نہ کیا جائے۔ عدالت نے اس حوالہ سے وزارت داخلہ سندھ کو نوٹیفیکیشن بھی جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔
عدالت نے قراردیا ہے کہ بندہ لاپتہ ہونے سے فیملیز پہلے سے پریشان ہوتی ہیں اور اوپر سے ان کوبار بار طلب کیا جاتا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ کے دورکنی بینچ نے شہری محمد علی اور دیگر کی گمشدگی کے حوالہ سے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ محمد علی نو اگست 2021کو گھر سے صفورہ چورنگی جانے کے لئے نکلا تھا لیکن گھر واپس نہیں آیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ لاپتہ افراد کے اہلخانہ کو تھانے طلب نہ کیا جائے۔ عدالت نے کیس کی مزید سما عت ایک ماہ کے لئے ملتوی کردی۔