سی پی این ای کی روز نیوز کے جنرل منیجر کرنل (ر) عامر پر راولپنڈی میں نا معلوم افراد کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کی مذمت


کراچی(صباح نیوز)کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای ) نے روزنامہ پاکستان میڈیا گروپ اور روز نیوز کے جنرل منیجر کرنل (ر) عامر پر راولپنڈی میں نا معلوم افراد کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ اور قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سی پی این ای کے صدر کاظم خان اور سیکریٹری جنرل عامر محمود نے مشترکہ بیان میں روزنامہ پاکستان میڈیا گروپ اور روز نیوز کے جنرل منیجر کرنل (ر) عامر کی گاڑی پر فائرنگ اور قاتلانہ حملے کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی اور میڈیا کارکن پاکستان میں انتہائی غیر محفوظ ہیں۔ حکومت اور ریاستی ادارے صحافیوں کے تحفظ کے لئے کوئی اقدامات نہیں کر رہے جس کی وجہ سے ملزمان بے خوف اور دیدہ دلیری سے صحافیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

سی پی این ای کے رہنماؤں نے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ میڈیا ہاؤسز، اخباری اداروں، صحافیوں اورمیڈیا کارکن کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے اور روزنامہ پاکستان میڈیا گروپ اور روز نیوز کے جنرل منیجر کرنل (ر) عامر کی گاڑی پر فائرنگ میں ملوث نامعلوم حملہ آوروں کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔