دردانہ صدیقی کی رمضان المبارک کی آمد پر پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد


راولپنڈی(صباح نیوز)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے رمضان المبارک کی آمد پر پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے ۔

رمضان المبارک کی آمد پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ رحمت و مغفرت کا مہینہ ہم پر سایہ فگن ہونے کو ہے۔ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہمیں ایک مرتبہ پھر اس ماہ مبارک کے فضائل و برکات سے مستفید ہونے کی سعادت حاصل ہورہی ہے۔ روزے کا اصل مقصد تقوی کا حصول، تزکیہ نفس اور انسان کو اپنے خالق حقیقی کے حکم کے تابع کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان امت مسلمہ کو خود احتسابی کا عظیم درس دیتا ہے۔ قلب کی پاکیزگی کے لئے روزہ بہترین ذریعہ بن سکتا ہے بشرطیکہ اس کے تقاضے پورے کیے جائیں۔ اسلام، احسان اور ایمان کا فلسفہ سمجھنے کے لیے یہ ماہ کریم انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ماہ صیام نزول قرآن ،رحمت مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ صبر و ضبط اور ایثار کا مہینہ ہے، ضبط نفس اور ہمدردی و غم خواری اس ماہ مبارک سے خاص نسبت رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی ہمیں یہ طے کرنا ہے کہ رحمت اور برکت کے اس دریا سے کس طرح زیادہ سے زیادہ فیضیاب ہوں، نیکیاں سمیٹیں اور 30 دن کی اس مشق سے اپنی شخصیت کے اندر کس طرح نکھار کار پیدا کریں، ان مقاصد کے حصول کے لیے استقبال رمضان کی تیاری کریں ،قران کریم سے اپنے تعلق کو مضبوط کریں، زیادہ سے زیادہ انفاق کریں اور پھر دوران رمضان خیر اور بھلائیاں سمیٹیں اور اپنے اندر ایک نیا انسان دریافت کریں ۔

دردانہ صدیقی نے کہا کہ انفرادی اور اجتماعی طور پر کامیابی کا دارومدار نظم و ضبط اور درست سمت کے تعین اور اس کی پیروی پر منحصر ہوتا ہے ۔ معاشرے میں حقیقی تبدیلی لانے کے لئے ہمیں اپنے طرز عمل کو اس ضابطہ کار کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے جس کی ہمیں ہمارے دین نے رہنمائی دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انفرادی طور پر جہاں نظم و ضبط ، قوانین کی پاسداری اور خود احتسابی کے دامن کو مضبوطی سے تھام کر اپنی منزل کے حصول کی طرف بڑھنا ہے وہیں قومی سطح پر ہمیں اپنے اندر اتحاد و اتفاق، رواداری اور مثبت سوچ جیسی اعلی اوصاف پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور ان اخلاقی اقدار کو ہماری زندگی میں شامل کرنے میں روزہ بنیادی کردار ادا کرتا ہے لہذا ہمیں اس ماہ مبارک کا خصوصی اہتمام و احترام کرنا چاہیے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمیں اسلام کی تعلیمات پر پابندی سے عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس ماہ مبارک کی برکت سے وطن عزیز اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل میں ہماری مدد فرمائے۔