بیجنگ(صباح نیوز)افغانستان کے ہمسایہ ملکوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ افغان عوام کو مزید انسانی امداد فراہم کرنے کو تیار ہیں۔
چین کے صوبےAnhui کے شہر Tunxi میں افغانستان کے ہمسایہ ملکوں کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیے میں تمام ملکوں نے افغانستان میں انسانی صورتحال ، اقتصادی اور روزگار کے حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ سات ملکوں چین، ایران، پاکستان، روس ، تاجکستان ،ترکمانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ یاسینئر نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں شریک ملکوں نے عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ کے اداروں اور سلامتی کونسل کے متعلقہ ارکان پرزور دیا کہ وہ افغانستان کے عوام کی ہنگامی انسانی امداد کیلئے آگے بڑھیں۔مشترکہ اعلامیہ میں افغانستان کی موجودہ پریشان کن صورتحال کے ذمہ دار ملکوں پر زوردیاگیا کہ وہ افغانستان کی ترقی اور اقتصادی بحالی کیلئے اپنے وعدوں کو جلد پورا کریں۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ افغانستان کو علاقائی روابط، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے نیٹ ورک، اقتصادی اور تجارتی نظام میں شامل کیاجائے گا تاکہ اسے اپنے جغرافیائی فوائد اورمعاشی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے میں مدد حل سکے