وزیراعظم کو اپنے ہی لوگ چھوڑ کرچلے گئے ہیں، سعید غنی


کراچی(صباح نیوز)وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو اپنے ہی لوگ چھوڑ کرچلے گئے ہیں، ایم کیوایم نے کوئی وزارت نہیں مانگی،مردم شماری سمیت تمام معاملات پر ایم کیوایم مشاورت کا حصہ ہوگی۔

اپنے جاری کردہ بیان میں وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس 172سے زائد نمبرز ہیں جبکہ وزیراعظم کو اپنے لوگ چھوڑ کرچلے گئے ۔ 3دن میں حکومت کے اور ارکان ظاہر ہوں گے، حکومت سے جانیوالے اراکین پر ردعمل پی ٹی آئی کی سوچ ہے عوامی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے عوامی مفاد کو ترجیح دی جبکہ نوازشریف نے اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر بینظیر کیساتھ غیرمناسب سلوک کیا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم نے کوئی وزارت نہیں مانگی، حکومت میں شامل کرنے کی خواہش ہماری ہے جبکہ جعلی ڈومیسائل کا معاملہ صر ف ایم کیوایم کا نہیں ہمارا بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملازمتوں کا کوٹہ ہے اس معاملے پر بھی ایم کیوایم اور ہم بات کریں گے، مردم شماری سمیت تمام معاملات پر ایم کیوایم مشاورت کا حصہ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت میں مشاورت کا عمل ہوگا کیونکہ ایم کیوایم کے تحفظات ایسے نہیں جو ناقابل غور ہیں، پیپلزپارٹی کی خواہش ہے ایم کیوایم کیساتھ طویل ورکنگ ریلیشن شپ  رہے۔

سعید غنی نے کہا کہ ناظم جوکھیو کا بھائی پیپلزپارٹی کا ٹکٹ ہولڈر تھا، ناظم جوکھیو کی اہلیہ پر کسی نے معافی کیلئے دباؤنہیں ڈالا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ناظم جوکھیو قتل کیس میں عدالت کا جو فیصلہ ہوگا وہی قبول کیا جائے گا۔