کوئٹہ(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہاکہ بلوچستان کے مسائل دیانت دار دین دارلوگ ختم کرسکتے ہیں بدقسمتی سے کئی دہائیوں سے بلوچستان کے مسائل حل کرنے سے وفاق کیساتھ صوبائی حکومتیں بھی روگردانی کر رہے ہیں ۔
بلوچستان کے وسائل بلوچستان پر خرچ کرنے سے مسائل ومشکلات میں کمی آسکتی ہے حکومتی ومقتدرقوتوں کی بے حسی غفلت وکوتاہی کی وجہ سے بلوچستان کے عوام کو تعلیم وصحت ،نوجوانوں کو روزگار اورتاجروں وکاروباری حضرات کو کاروبار وتجارت کے مواقع فراہم نہیں کیے جارہے ۔بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی بھر پور حصہ لیگی امرائے اضلاع تیاری کریں عوام مسائل کے حل ،بدعنوانی بے روزگاری کے خاتمے کیلئے جماعت اسلامی کاساتھ دیں ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے کوئٹہ میں ایک روزہ امرائے اضلاع اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس کی صدار ت امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کی اجلاس میں صوبہ بھر سے امرائے اضلاع ،حق دو تحریک کے قائد ،جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمان بلوچ سمیت دیگر صوبائی ذمہ داران نے شرکت کی اجلاس میں امرائے اضلاع نے اضلاع کی سہ ماہی تنظیمی رپورٹ پیش کی جبکہ اجلاس میںمنصوبہ عمل پر عمل درآمد کاجائزہ ، الیکشن فنڈریزنگ، الیکشن تیاریوں کی رپورٹ پر بھی گفتگوہوئی ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر مولاناعبدالحق ہاشمی ،امیر العظیم نے کہاکہ سیاسی شہادت کا وقت گزر چکا،موجودہ حکومت اپنی نااہلی اور نالائقی کے بوجھ سے خود ہی گر رہی ہے۔ ہر روز عوام کی مشکلات میں اضافہ کرنے والی حکومت اب خود شدید مشکلات کا شکار ہے۔ پہلے وزیراعظم نے ریاست مدینہ کا نام اور اب قرآنی اصطلاحات کا غلط استعمال بھی شروع کر دیا۔ امر بالمعروف جو قرآن کی اصطلاح ہے اس کو اس طرح استعمال کرنا اس لفظ کی توہین ہے۔ حکومت امر بالمعروف کے نام پر منکرات پھیلا رہی ہے، اس لیے خدارا! حکومت قرآنی اور اسلامی اصطلاحوں کو مذاق نہ بنائے۔
جماعت اسلامی ملک میں اسلام کا نظام چاہتی ہے، قوم ساتھ دے، اسی صورت میں ہم ایک فلاحی اور اسلامی ریاست بنا سکتے ہیں۔ تمام دکھوں کا مداوا صرف قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ سے ممکن ہے، جماعت اسلامی اقتدار میں آئے گی تو آئی ایم ایف اور مالیاتی اداروں کی غلامی سمیت سودی معیشت ،بدعنوانی سے نجات مل سکے گی۔ اب قوم کے پاس واحد آپشن جماعت اسلامی ہے۔ عوام ہمیں ووٹ اور سپورٹ کرے، ہم آنے والی نسلوں کو خوشحال پاکستان دیں گے۔اسی صورت بلوچستان کے مسائل بھی حل ہوں گے موجودہ ناکام نااہل حکومت کی سب سے بڑی ناکامی بدترین مہنگائی ،بھاری سودی قرضوں کا حصول ،بدعنوانی میں اضافہ ہے ۔
حکمرانوں نے اسلام دشمن آئی ایم ایف ورلڈ بنک کی ہدایت پر مہنگائی کا طوفان بر پا کررکھا ہے۔پٹرولیم واشیاء ضروریہ اورخوردنی اشیاء کی قیمتوں میں ہردس پندرہ روز میں اضافہ کیاجاتا ہے۔ ڈالر،پٹرول،چینی ،آٹا ملکی تاریخ کے بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ تبدیلی سرکار عوام کی خوشیاں کھا گئی ہے۔