اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کانگو میں ہیلی کاپٹر حادثے میں پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قیام امن کی کوششوں میں جام شہادت نوش کرنے والے وطن کے بیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔
ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے بدھ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ تعداد میں امن کارروائیوں کے لئے دستے فراہم کرتا ہے جنہوں نے دنیا میں امن کی خاطر جانوں کے قیمتی نذرانے دئیے ہیں۔ وطن کی افواج کی قابل فخر تاریخ شہدا کے لہو سے جگمگا رہی ہے، قوم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے ۔ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین ۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے دوران فضائی حادثے میں پاکستان فوج کے افسران اور جوانوں کی شہادت پر بے حد دکھ ہے۔ قوم اس حادثے پر سوگوار ہے۔ پاکستان نے دنیا میں قیام امن کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ اللہ تعالی شہدا کو درجات بلند سے نوازے اور اہل خانہ کو صبر دے۔ آمین۔