اتحادیوں نے تحریک انصاف کے بیانیے کو دفن کردیا ،جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت اور نام نہاد اپوزیشن دونوں کو ہی عوامی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ چیئرمین فارما ایسوسی ایشن کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں20فیصد تک اضافہ کرنے کی دھمکی تشویشناک ہے ۔حکومت اس کا نوٹس لے ۔ غریب عوام پہلے 4سو فیصد تک مہنگی ادویات خریدنے پر مجبور ہیں۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکومت کو عوام کی بجائے اپنی بقاء کی فکر لاحق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل ملک میں مہنگائی کا طوفان امڈ آیا ہے۔ چینی، گھی ، چاول ، آٹے سمیت دیگر اشیاء خوردونوش اور پھلوں، سبزیوں کی قیمتو ں میں ہوشر بار اضافہ ہوچکا ہے۔ ہر چیز عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے تمام حکومتی دعوے محض کھوکھلے نعرے ثابت ہوئے ہیں۔ بد قسمتی سے موجودہ حکمرانوں کو عوامی مسائل کا احساس ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عالمی سازش کو بے نقاب کریں اور حقائق قوم کے سامنے لائیں۔ قوم کو بتایا جائے کہ وہ کونسی بیرونی قوتیں اور ملک کے اندر موجود ان کے آلہ کار ہیں جو تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف سازش کررہے ہیں۔وزیر اعظم اپنی ناکامیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈال کر سرخرو ہونا چاہتے ہیں۔ ملک و قوم اس وقت سنگین قسم کے بحرانوں کی زد میں ہے اور اس کا ذمہ دار تحریک انصاف کی حکومت ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ خود کو کپتان کہنے والا شخص اتحادیوں سے بلیک میل ہورہا ہے۔ اس سارے عمل میں تحریک انصاف کا بیانیہ دفن ہوچکا ہے۔