اسلام آباد(صباح نیوز)سندھ ہاؤس پر حملے کے حوالے سے آئی جی اسلام آباد نے پیش رفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ سندھ ہاؤس حملہ کے ملزمان کیخلاف دہشت گردی کا ثبوت نہیں مل سکا، سندھ ہائوس حملہ میں ملوث ملزمان سے کوئی اسلحہ برآمد نہیں ہوا، دہشت گردی کے ثبوت ملے تو مزید کارروائی کی جائے گی۔
مزید کہا گیا کہ 16 ملزمان میں سے ایک رائے تنویر کی گرفتاری نہیں ہوسکی، رائے تنویر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں،تمام گرفتار ملزمان نے جوڈیشل مجسٹریٹ سے ضمانت کرا لی تھی، ملزمان کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے مجسٹریٹ کو درخواست دی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عدالت عظمی نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد سے سندھ ہاؤس حملہ کیس میں پیش رفت رپورٹ طلب کی تھی۔