ریاض(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ قوم کو تقسیم کیا جا رہا ہے جس کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے اس لئے جمہوری اقدار کے مطابق آگے بڑھا جائے ہمارا معاشرہ تباہ ہوچکا ہے اور بے راہ روی کا شکار ہوچکا ہے۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں مجلس پاکستان کے زیراہتمام محافظ نعیم الرحمان کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی جس میں سیاسی سماجی اور مذہبی جماعتوں کے سینکڑوں افراد شریک ہوئے۔
تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی حالات انتہائی سنگین صورتحال اختیار کرچکے ہیں اور جمہوریت کے نام پر سودے بازی ہو رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ہمارا معاشرہ تباہ ہوچکا ہے اور بے راہ روی کا شکار ہوچکا ہے جس کو درست کرنے کے لئے ضروری ہے کہ اسلامی اصولوں کو اپنایا جائے ،اس ضمن میں تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا قوم کو تقسیم کیا جا رہا ہے جس کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے اس لئے جمہوری اقدار کے مطابق آگے بڑھا جائے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کا تسلسل قائم رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ حکومتوں کو مدت پوری کرنے دی جائے مگر موجودہ حالات میں حکومت اور اپوزیشن غیر جمہوری رویہ اپنائے ہوئے ہیں اور ٹکراو کی سیاست سے ملک و قوم کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔