چہروں کی بجائے نظام کی تبدیلی کے بغیر ملک و قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی،محمد حسین محنتی


ٹھل(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے پی ٹی آئی حکومت کو ناکام ترین حکومت اور ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے نئے و شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ و سابقہ حکمرانوں نے عوام کو مایوس اور مسائل میں مزید اضافہ کیا ہے۔ چہروں کی بجائے نظام کی تبدیلی کے بغیر ملک و قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھل میں ریاض چوک پر  جماعت اسلامی کے مرکز و مسجد کے افتتاحی تقریب کے بعد پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ صوبائی نائب قیم عبدالحفیظ بجارانی، امیر ضلع حاجی دیدارلاشاری، امداد اللہ بجارانی اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت معززین بھی موجود تھے۔

امیر صوبہ کا کہنا تھاکہ حکومتی دعوؤں کے برعکس مہنگائی کے طوفان نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔340 ارب کے نئے ٹیکس عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھیننے کے مترادف ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کا ایم کیو ایم سندھ حکومت میں شامل کرنا عوامی مینڈیٹ کی توہین اور سندھ کے عوام کے زخموں پر نمک پاشی ہوگا۔25 سال ایم کیو ایم نے کراچی میں قتل وغارت گری اور بوری بند لاشوں کی سیاست کی اور اب اگر دوبارہ ان کو شامل کیا گیا پھر دوبارہ شہر کا امن تباہ ہوجائے گا۔ قبل ازیں سندھ کے امیر کا مبارک پور میں بھرپور استقبال اور گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کے جلوس میں انہیں ٹھل لایا گیا۔