اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیرداخلہ اور سینئر سیاستدان چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہوں۔ چند دنوں میں سیاسی حکمت عملی کا اعلان کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔
ایک نجی ٹی وی سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میڈیا کے تمام نمائندگان کو دعوت دوں گا اور اپنی نئی سیاسی حکمت عملی کا انکشاف میڈیا کے سامنے کرونگا،انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال سے کسی میڈیا کو انٹرویو نہیں دیا ، میڈیا پر میرے متعلق چلنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ 23 مارچ کو صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کے دوران وزیراعظم ِ پاکستان نے بڑا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ تھا کہ چند روز قبل چوہدری نثار علی خان سے ملاقات ہوئی۔ چوہدری نثار سے 50 سال پرانی دوستی ہے تاہم اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ انہوں نے خود کرنا ہے۔
اس سے قبل 20 مارچ کو اپنے حلقے میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کہ لنگوٹ کس لو اگلے الیکشن میں ڈٹ کر لڑنا ہے۔
خیال رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں چوہدری نثار آزاد حیثیت میں راولپنڈی کے حلقے پی پی 10سے رکن منتخب ہوئے تھے تاہم انہوں نے حلف 2سال 10 ماہ اٹھالیا تھا۔