بیلٹ باکس کو چوری کرنے والے ہاتھ کاٹ دینگے۔سینیٹر مشتاق احمد خان


تیمرگرہ (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ بیلٹ باکس کو چوری کرنے والے ہاتھ کاٹ دینگے۔ پی ٹی آئی نے یوتھ کے ساتھ کھلواڑ کیا۔ چور اور کرپٹ ممبران نقل مکانی کے لئے تیار ہیں۔ فارن فنڈنگ کیس میں انڈین اور اسرائیلی لابی نے پی ٹی ا ئی کو فنڈز دئے، احتساب کیا جائے۔ حکومت نے کمراٹ، شاہی، لڑم اور چترال کے سیاحتی مقامات کے نام پر فنڈز اکھٹا کرکے ہڑپ کیے، پی ٹی آئی قیادت کے نام احتساب کے لئے ای سی ایل میں ڈالے جائیں

ان خیالات کا اظہار انھوں نے تیمرگرہ ریسٹ ہاؤس گراؤنڈ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔جلسہ عام میں جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق، ضلعی امیر اعزاز الملک افکاری،ارشد زمان و دیگر نے بھی شرکت کی۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد خان نے پی ٹی آئی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے دیر، چترال کے عوام کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔ جان بوجھ کر علاقے کو پسماندہ رکھا گیا ہے۔ بیرون ممالک سے دیر چترال کے سیاحتی مقامات کے نام پر فنڈز اکھٹے کیے گئے اور سیاحتی مقامات میں ایک آنے کا ترقیاتی کام نہیں کیا گیا۔ دیر چترال کے عوام 31مارچ کو ترازو پر مہر لگا کر پی ٹی آئی سے اپنی محرمیوں کا بدلہ لیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے دیر اور چترال کے عوام سے روزگار چھین لیا ہے۔ علاقے کے کاروبار کو ویران اور تباہ کیا، سالانہ ترقیاتی کاموں میں علاقے سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا، جبکہ ممبران کے نام پر کرپٹ اور نااہل ٹولے کو مسلط کرکے علاقے کو پسماندگی کی جانب دھکیلا گیا۔ انھوں نے خبردار کیاکہ کسی بھی قسم کی دھاندلی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے انھوں نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہر صورت میں بیلٹ باکس کا تحفظ یقینی بنائیں اور جعلی مینڈیٹ مسلط کرنے والوں کا راستہ روکیں۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ مہنگائی کے سونامی نے عوام کا بُھرکس نکال دیا ہے۔ روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں روز افزوں اضافے کی وجہ سے عوام ذہنی بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ کاروباری طبقہ فاقوں پر آگیا۔ تعمیراتی میٹریل مہنگا ہونے کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا، جبکہ گورنر اور وزیر اعلیٰ کی شاہ خرچیوں میں بے تحاشا اضافہ عوام کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

انھوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی بجلی پر عوام سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر پیسے بٹورنا کھلا ڈاکہ اور آبی دہشتگردی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بجلی بلوں کا انتقام عوام الیکشن ڈے پر لیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دئے اور اب کرپشن بچانے کے لئے واپس اپنے پرانے گھونسلوں کا رخ کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مرکزی و صوبائی قیادت کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ضرورت ہے تاکہ جعلی تبدیلی کو بے نقاب کیا جائے۔