اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ خان صاحب کا پیغام ق لیگ کو پہنچادیا، جو من میں تھا وہ میں نے پہنچادیا، ہم من والے ہیں دھن والے نہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گذشتہ روز ق لیگ کیساتھ اچھی نشست ہوئی تھی، ملاقات کے بعد خان صاحب کو ق لیگ کا من وعن پیغام پہنچایا اب وزارت اعلیٰ سے متعلق خبریں قیاس آرائیاں ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ سیاست میں ہر چیز کھلی ہوتی ہے، جو من میں تھا وہ میں نے پہنچادیا، ہم من والے ہیں دھن والے نہیں، (ق) لیگ کے ساتھ بات چیت کے سنجیدہ مرحلے میں ہیں ، غیرذمہ دار بات نہیں کروں گا، جو کچھ بات چیت ہورہی ہے وہ سامنے لانا مناسب نہیں سمجھتا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہے اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے رہے اور وہ ابھی تک ساتھ کھڑے ہیں، پی پی اور ن لیگ تاثر دے رہی ہے کہ اتحادی انکیساتھ ہیں یہ غلط ہے، ہم حلیف ہیں ساتھ چلتے رہتے ہیں آج بھی کابینہ میں ہیں۔
گذشتہ روز ق لیگ نے ایک بار پھر حکومت کے سامنے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا مطالبہ رکھا تھا ، حکومتی وفد کو ق لیگ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ ہمیں کلئیر بتائیں ہمارے ساتھ کیا کرنا چاہتے ہیں؟۔ق لیگی قیادت کی مذاکراتی ٹیم کا موقف تھا کہ معاملہ عدم اعتماد پر ووٹنگ سے پہلے کلئیر کریں،بعد میں کوئی فائدہ نہیں ، جس پر وفاقی وزرا نے کہا ہم لگے ہوئے ہیں ، آپ کو طے کر ہی بتائیں گے۔تاہم اب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق کو وزارت اعلیٰ نہیں دے سکتے، وزارت اعلیٰ کے علاوہ کسی بھی اور فارمولے پر تیارہیں، حکومتی ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ ق لیگ کو پیغام پہنچادیا ہے کہ ن لیگ وزارت اعلیٰ دے رہی ہے تو ضرور لے لیں۔