عمران خان پسند کے ایمپائر کی موجودگی میں کھیلنے کے عادی ہیں ،ناصر شاہ


کراچی(صباح نیوز)صوبائی وزیرسندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان پسند کے ایمپائر کی موجودگی میں کھیلنے کے عادی ہیں، شیخ رشید کی کیا حیثیت کہ بلاول کو وارننگ دے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عمران خان کو لائسنس ہے کہ وہ سب کو گالیاں دے، اگر عمران کو کوئی جواب دے تو شیخ رشید کیوں مائنڈ کررہے ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عمران خان جس کو چپڑاسی نہیں رکھنا چاہتے تھے انہیں وفاقی وزیر بنادیا۔انہوں نے کہا کہ اب ان دونوں میں صحیح فیصلہ کس کا تھا یہ فیصلہ عوام پر چھوڑتے ہیں، عمران پسند کے ایمپائر کی موجودگی میں کھیلنے کے عادی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جلسے کی کوریج کی بھی پسند کے سرکاری چینل کو اجازت ہے، پرائیویٹ چینلز کو چاہیے کہ عمران خان کے جلسے کی کوریج نہ کریں۔

ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ شیخ رشید روزانہ سندھ میں گورنر راج کی بات کرکے کس کو رسوا کرنا چاہتے ہیں، شیخ صاحب عمران خان کے پائوں تلے پچ ہی نہیں رہی تو کیسے آخری بال تک کھیلیں گے۔