شیخ رشید کا وزیر داخلہ بننا ملک کی بدقسمتی ہے،جے یو آئی

اسلام آباد(صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ شیخ رشید کا وزیر داخلہ بننا ملک کی بدقسمتی ہے ۔

وزیر داخلہ شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر اسلم غوری نے ردِ عمل دیتے ہوئے بیان میں کہا کہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ شیخ رشید وزیر داخلہ ہیں، شیخ رشید کو مشورہ ہے کہ وہ وزیر داخلہ بنے عمران خان کا شیرو نہ بنے۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کو شوکاز نوٹس ملا ہے نہ شیدا ٹلی دھمکیوں سے ڈرتے ہیں، عمران خان کے ناکام جلسے سے توجہ ہٹانے کے لئے شیخ رشید بہکی بہکی باتیں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے کسی کارکن کو کچھ ہوا تو ذمہ دار عمران خان ہوں گے، عمران خان نے پاکستان کو کوکین، بے حیائی، بدنامی، کشمیر فروشی اور بربادی کے زخم دئیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک تمام قانونی تقاضے پورے کیے اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، شیخ رشید ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتا ہے، انتظامیہ اپنا رویہ غیر جانبدارانہ رکھے۔ اسلم غوری نے کہا کہ ڈی چوک میں پی ٹی آئی کے جھنڈوں والی گاڑیاں کیسے پہنچی ہیں۔