اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف بھی پریڈ گرائونڈ اسلام آباد میں جلسے کیلئے سٹیج تیار ہو گیا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق سیاسی سرگرمیوں کی وجہ سے شہر اقتدار میں سکیورٹی کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ پریڈ گرائونڈ کو سکیورٹی اداروں نے حصار میں لے لیا جبکہ پولز پر ہائی ڈیفینیشن کیمرے نصب کر دیئے گئے جن کا لنک وزارت داخلہ سے منسلک کر دیا گیا ،
کیمروں کا ویو سیف سٹی سے بھی جوڑا گیا جس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔وزارت داخلہ میں کنٹرول روم بھی قائم ہو گیا جبکہ گذشتہ روز وزیر داخلہ نے کنٹرول روم کا معائنہ کیا اورآئی جی اسلام آباد نے بریفنگ دی۔
پاکستان تحریک انصاف کی اسلام آباد میں اپنے جلسے اور پاور شو کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں، 30 فٹ چوڑا اور 84 فٹ لمبا مرکزی سٹیج تیار کر لیا گیا۔ سائونڈ سسٹم، سکرین کی تنصیب کا کام بھی مکمل کرلیا گیا۔ جلسے میں شرکت کیلئے گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگر شہروں سے کارکنان اسلام آباد پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پی ٹی آئی نے خواتین کی جلسے میں شرکت کیلئے خصوصی انکلوژر تیار کرلیا۔ خواتین انکلوژر کو حفاظتی شیٹس اور خاردار تار لگاکر الگ کردیا گیا۔ لائٹنگ اور بجلی کے انتظام کیلئے جنریٹر بھی نصب کر دی گئی۔تحریک انصاف کے رہنمائوں نے مختلف اوقات میں جلسہ گاہ کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔
جلسہ گاہ میں تحریک انصاف کی کارکنوں کی آمد کا سلسلسہ بھی جاری ہے۔ گلگت بلتستان سمیت کئی شہروں سے قافلے جلسہ گاہ پہنچا شروع ہوگئے ۔ جلسہ گاہ میں وزیراعظم عمران خان اور پارٹی کی اعلی قیادت کی انٹری مری روڈ سے ہوگی۔ وفاقی پولیس اور انتظامیہ کے افسران نے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں۔