جمعیت بہترمستقبل کی نوید ہے۔محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جمعیت  بہترمستقبل کی نوید ہے۔ آج کا نوجوان ہی ملک میں حقیقی تبدیلی و انقلاب کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔جمعیت انسان کے اندر جرئت ایمانی اور انسان کو انسان بناتی ہے۔ آج ہم جو کچھ بھی ہیں وہ جمعیت کی تربیت کا نتیجہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ ریاض العلوم میں اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کے تحت منعقدہ سہ روزہ تربیت گاہ برائے ناظمین سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ناظم صوبہ مرزا نعمان بیگ، جنرل سیکرٹری سعد حسن قاضی اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت سندھ بھر سے ناظمین شریک تھے۔ تربیت گاہ آمد پر امیر صوبہ کا زبردست استقبال اور سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا گیا۔

صوبائی امیر نے مزید کہاکہ معاشرے کا فعال ترین انسان جمعیت کا ہر سطح کا ناظم ہوتا ہے کیونکہ یہ سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔جمعیت کے نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ دعوت و تربیت کو ترجیح اول دینی چاہئے کیونکہ اصل کام بھی ہمارا یہی ہے۔ جمعیت طلبہ کی تعمیری تنظیم ہے۔ طلبہ یونین کی بحالی کے بعد جمعیت کامیابی کی بھرپور تیاری کرے۔

انہوں نے زور دیا کہ جمعیت کے نوجوان کردار سازی پر توجہ قرآن کا مطالعہ نمازوں کی پابندی کریں۔ قرآن انسان کی سب سے بڑی روحانی غذا ہے۔جمعیت کے نوجوان اپنے اندر تحریری تقریری اور قائدانہ صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔ انہوں نے ذمے داران پر زور دیاکہ آپ سب کو مثالی ناظم بننا ہے جو اللہ کے دین کا کام کرتے ہیں اللہ ان کے راستے کھولتے ہیں  بس آگے بڑہ کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔