اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف وزیراعظم کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا۔اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے انتخابی مہم میں وزراء اور وزیراعظم کی شرکت پر پابندی کیخلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کے بعد 3 صفحات کا تحریری حکم جاری کیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق نوٹس کے باوجود الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہونے پر وزیراعظم عمران خان اور اسد عمر کو حکم امتناع نہ مل سکا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے مرکزی پٹیشن اور حکم امتناع کی متفرق درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا جبکہ عدالت نے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کو بھی کیس میں معاونت کے لیے نوٹس جاری کیا ہے۔
تحریری حکم کے مطابق درخواست پر مزید سماعت 28 مارچ کو ہوگی۔وزیراعظم عمران خان کے وکیل نے کہا کہ انتخابی مہم میں وزیر اعظم اور وزرا کی پابندی خلاف قانون ہے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ محمود خان، وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی،مراد سعید اور صوبائی وزرا محب اللہ اور ڈاکٹر امجد علی کو نوٹس جاری کیے تھے جسے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔