لڑکالڑکی تشددکیس، 44 صفحات پرمشتمل تفصیلی حکم نامہ جاری


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد کے سیکٹرای الیون میں لڑکا لڑکی تشدد کیس کا 44 صفحات پرمشتمل تفصیلی حکم نامہ جاری کردیا گیا۔عدالتی حکم میں بتایا گیا کہ پراسیکیوشن 5 ملزمان پر جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا جبکہ 2 ملزمان پر جرم ثابت نہیں ہوسکا۔

عدالتی حکم کے مطابق دفعہ 354 اے کے تحت لڑکی کو عوامی مقام پر برہنہ کرنے کے جرم میں ملزمان عثمان مرزا ، عطا الرحمن، ادارس قیوم بٹ، محب بنگش اور فرحان شاہین کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔

دفعہ 354 اے کے تحت مرکزی مجرم عثمان مرزا سمیت 5 مجرمان کو دو دو لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔ دفعہ 342 حبس بے جا کے تحت پانچوں مجرمان کو ایک ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔

اس کے علاوہ دھمکیوں کی دفعہ 506 کے تحت عثمان مرزا سمیت 5 مجرمان کو سات سات سال قید کی سزا سنائی گئی جبکہ عورت یا لڑکی کو دھمکیوں پردفعہ 509 کے تحت مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت 5 مجرمان کو تین تین سال قید کی سزا سنائی گئی۔

عدالتی حکم کے مطابق مجرمان سے برآمد کی گئی رقم ریاست کو دی جائے گی، ماڈرن ڈیوائس اور ٹیکنالوجی پرمبنی ثبوتوں سے ظاہر ہوا کہ وائرل ویڈیو کوسوشل میڈیا پر کئی افراد نے دیکھا اور مرکزی مجرم عثمان مرزا کو متاثرہ جوڑے کو برہنہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے،مرکزی مجرم عثمان مرزا نے متاثرہ جوڑے کو اپارٹمنٹ میں قید کیاہوا تھا۔