سرمایہ کاروں کا اعتماد معیشت کے استحکام میں مدد گار ثابت ہوتا ہے، چیئرمین سینیٹ


اسلا م آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد معیشت کے استحکام میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے برطانوی سرمایہ کاروں کے چار رکنی وفد کی ملاقات ہوئی جس میں سرمایہ کاری کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر غور کیا گیا۔  برطانوی سرمایہ کاروں میں کیری گوف کے ایم ڈی البرٹ بیرے لیسے اور ٹرولیکس کے ایم ڈی تھامس البرٹ لیسے اور ان کے وفد کے اراکین شامل تھے، وفد نے چیئرمین سینیٹ کو اپنے دورے کے مقاصد کے بارے میں آگاہ کیا۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ماحول سرمایہ کاری کے لئے سازگار ، مراعات دی جارہی ہیں، کاروباری و معاشی روابط عوام کو مزید قریب لانے میں مدد گار ثابت ہوں گے، سرمایہ کاروں کا اعتماد معشیت کے استحکام میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بہترین پالیسیاں بنا رہی ہے جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا، گوادر ایک نئے معاشی مرکز کی حیثیت سے ابھر رہا ہے، برطانوی سرمایہ کار گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے کی ترقی و خوشحالی میں گوادر کلیدی کردار ادا کرے گا، پاکستان کے برطانیہ سے تاریخی تعلقات ہیں، تجارتی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد برطانیہ میں آباد ہے، برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ملاقات میں سینیٹرز شبلی فراز اور سیف اللہ نیازی بھی موجود تھے