اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن ) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ 28 مارچ کو تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راناثناء اللہ نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک کے لئے دن فکس ہوچکا ہے، 28 مارچ کو تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس صرف 10 دن رہ گئے ہیں، 7 روز میں تحریک عدم اعتماد پرووٹنگ ہو جائے گی، آج عدم اعتماد پر دن مقرر ہوچکا ہے، عدم اعتماد کی تحریک آئینی و قانونی راستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی ڈھٹائی سے جھوٹ بولتے ہیں، اجلاس میں اپوزیشن کی 100فیصد حاضری تھی، 172سے زیادہ ہمارے نمبرز تھے، کل حکومت کہہ رہی تھی ہمارا بھی ان کے بندوں سے رابطہ ہے، آپ نے جہاں رابطے رکھ کرسیاست کی وہاں سے بھی رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس10 دن رہ گئے ہیں، حکومت اپنا بوریا بستر باندھ لے، سپیکر ٹائیگر فورس کے ممبر بنے ہوئے ہیں، 26 مارچ کو سڑکوں پر نکل رہے ہیں۔