قوم اپوزیشن کے چہرے اور کرتوت جانتی ہے، شہباز گل


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ قوم اپوزیشن کے کرپشن زدہ چہرے اور کرتوت جانتی ہے، عمران خان کا مقابلہ کرنے سارے سیاسی بیمار اکٹھے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے ٹی وی اینکرز کی ملاقات اور آف دی ریکارڈ گفتگو ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ بیرونی قوتوں کے آلہ کار جمہور اور جمہوریت دونوں سے نابلد ہیں جبکہ جمہوریت کے نام پر جمع شدہ ٹولہ کھوٹے سکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم ان کے کرپشن زدہ چہرے اور کرتوت جانتی ہے۔ باریاں لگا کر لوٹنے والوں کو پہلی مرتبہ لوٹ مار سے روکا گیا اور تاریخ میں پہلی بار طاقتور کا احتساب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کا نام سن کر کوئی لندن فرار ہوا تو کسی کی کمر میں درد اٹھے جبکہ سندھ کے ڈاکو بھی بیماری کے پیچھے چھپے۔ آج عمران خان کا مقابلہ کرنے سارے سیاسی بیمار اکٹھے ہیں۔