اسلام آباد جلسے میں شرکت کیلئے حلیم عادل کی قیادت میں کراچی سے قافلہ روانہ


کراچی (صباح نیوز)27 مارچ کو اسلام آباد میں امربالمعروف جلسے میں شرکت کے لیے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی قیادت میں کراچی سے کارواں روانہ ہو گیا۔27 مارچ کو پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں پاور شو کے لیے کراچی کے کارکنان کا قافلہ قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی قیادت میں سہراب گوٹھ سے روانہ ہوا۔

میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنماحلیم عادل شیخ نے کہا کہ کھانے اپوزیشن کے ساتھ کھائیں گے لیکن اتحادی ساتھ وزیراعظم کا ہی دیں گے۔جوش خطابت میں حلیم عادل شیخ کی زبان بھی لڑکھڑا گئی۔ پی ٹی آئی رہنما آفتاب صدیقی بولے اٹھارہ بوگیوں کی ایک ٹرین بھی کارکنان کو لے کل کر روانہ ہوگی۔سہراب گوٹھ پر استقبالیہ کیمپ پر پرجوش کارکنان نے پارٹی ترانوں پر بھنگڑے ڈالے۔

کارواں میں اراکین سندھ اسمبلی خرم شیرزمان، سعید آفریدی اور شاہنواز جدون بھی شامل تھے۔ مختلف شہروں سے ہوتا ہوا کارواں  کل (ہفتہ کو)سلام آباد پہنچے گا۔