وزیراعظم کے پاس شکست قبول،مستعفی ہونے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، شیری رحمن


اسلام آباد(صباح نیوز) پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے کہاہے کہ وزیراعظم کے پاس شکست قبول کرنے اور مستعفی ہونے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔

انہوں نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ عمران خان غلط بیان کر رہے ہیں، یہ نیکی اور بدی کی لڑائی نہیں۔ یہ آئین کو پامال کرنے اور آئین کی پاسداری کرنے والوں کے بیچ لڑائی ہے۔سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ یہ عوام دشمن حکومت اور عوام دوست اپوزیشن کی لڑائی ہے، جمہوریت پر تنقید کرنے والے اب لوگوں کو کہہ رہے ہیں کہ جمہوریت کا ساتھ دینے کہ لیے باہر نکلے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج معلوم ہو جائے گا جمہوریت اور آئین کی پاسداری کون کرتا ہے۔ شکست سے بچنے کے لئے تاخیری حربے استعمال کرنے والے نیکی اور جمہوریت کی پرچار کیسے کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس شکست قبول کرنے اور مستعفی ہونے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔ لوگوں کو انتشار پر اکسانے سے حکومت نہیں بچ سکتی۔