اسلام آباد(صباح نیوز) سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اللہ نے چاہا تو تحریک عدم اعتماد 100 فیصد کامیاب ہو گی، اگر حکومت نے احتجاج کی اجازت نہ دی تو ہنگامہ کریں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ اگر اللہ نے چاہا تو تحریک عدم اعتماد 100 فیصد کامیاب ہو گی۔اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تحریک پیش کرنے کی اجازت نہ ملی تو پھر کیا کریں گے؟ کے سوال پر آصف زرداری نے کہاکہ پھر آپ کے ساتھ مل کر ہنگامہ کریں گے۔
غیر جمہوری قوتوں کے فائدہ اٹھانے سے متعلق سوال پر سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ اس کے لیے حکمت عملی ایک ہی ہے کہ اگر کسی کو اتنا شوق ہے تو ہاتھ سنبھال لے ۔
ایک صحافی نے آصف علی زرداری سے سوال کیا کہ ملکی سیاست کا اہم موڑ آ گیا ہے، آپ کیا کہتے ہیں؟سابق صدر نے جواب دیا کہ میں کہتا ہوں کہ ان شا اللہ بہتر ہو گا۔