اسلام آباد(صباح نیوز)سیکریٹری خارجہ سہیل محمود سے جمہوریہ یمن کے نائب وزیر خارجہ منصور علی سعید بجاش نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی جس میں دونوں نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق سیکریٹری خارجہ نے اعادہ کیا کہ پاکستان یمن کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے جو باہمی اعتماد اور تعاون پر استوار ہیں۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقوام متحدہ اور او۔آئی۔سی سمیت کثیرالقومی اداروں میں تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔سیکریٹری خارجہ نے یمن میں سلامتی کی صورتحال پر تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان حوثی ملیشیاکے دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او۔آئی۔سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق یمن تنازعہ کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے۔نائب وزیر خارجہ خارجہ منصور بجاش نے حمایت کرنے پر اپنی حکومت کی طرف سے پاکستان کے لئے اظہارتحسین کیا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور یمن کے تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ نائب وزیر خارجہ منصور بجاش نے قیام پاکستان کی پچھترویں سالگرہ پر اسلام آباد میں او۔آئی۔سی وزرا خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی کامیاب میزبانی پر پاکستان کو مبارک بھی دی۔