اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کے سرپرائز سے پہلے ہم ان کو سرپرائز دیں گے، عمران خان سے بات کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ایسا شخص جو انا پرست ہے ،د ن رات جھوٹ بولتا ہے، اس سے بات نہیں ہوسکتی۔
ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان اب اقتدار کے بغیر ایک منٹ بھی نہیں رہ سکتے، پونے چار سال میں عمران خان نے انتہائی تکبرانہ انداز اپنایا، وہ سمجھتے ہیں کہ ان کو اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کی ضرورت نہیں، اب ان کی دم پر پاوں رکھا گیا ہے تو لوگوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک طرف ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف کارٹلز کو پروموٹ کرتے ہیں ، کہتے تھے کہ آزاد امیدواروں کو نہیں لوں گا اور پھر آزاد امیدواروں کو بنی گالا میں تحریک انصاف کا دوپٹہ پہناتے رہے۔انہوں نے کہا کہ میں اسپیکر کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ جو قانون شکنی وہ کرچکے ہیں اس پر آرٹیکل 6 لگے گا، تحریک عدم اعتماد 8 مارچ کو جمع کی گئی ، اسپیکر جان بوجھ کر تاخیر کرتے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے سرپرائز سے پہلے ہم ان کو سرپرائز دیں گے، عمران خان کے ذہن کا مرض بڑھتا جارہا ہے اس کو مزید بڑھائیں گے، آنے والے دنوں میں مزید سرپرائز دیں گے،عمران خان نے اقتدار کے لیے گھٹنوں کو ہاتھ لگائے، عمران خان کی پالیسی ہے کہ نہ رہے بانس نہ بجے بانسری، چاہتے ہیں کہ ان کے پاس اقتدار نہ رہے تو کسی کو نہ ملے ، کوئی غیرآئینی اقدام ہوجائے تو عمران خان خوش ہوں گے، وہ چاہتے ہیں کہ غیرآئینی اقدام ہوجائے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے،
انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ سے قبل عمران خان کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔شہباز شریف نے کہا کہ ہمارا قافلہ 26 مارچ کو لاہور سے روانہ ہوگا، قائد حزب اختلاف نے کہا کہ کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر کو کہیں گے فاتحہ خوانی کریں پھر انہیں آگے کی کارروائی کے آغاز کا کہیں گے۔