ترک چیف آف جنرل سٹاف کی جنرل ندیم رضا سے ملاقات، دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال


راولپنڈی(صبا ح نیوز)ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل یاسر گلر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی ملاقات میں دوطرفہ و علاقائی سلامتی، افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو، دوطرفہ فوجی و دفاعی تعاون میں وسعت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں کی ملاقات میں باہمی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان، ترکی ہر مشکل کے ساتھی، تذویراتی تعلقات کو مزید وسعت دیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز آمد پر تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے ترک جنرل کو گارڈ آف آنر پیش کیا،

علاوہ ازیں ترکی کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف نے بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی سے اسلام آباد میں ملاقات  کی۔بالمشافہ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعاون اور خطے کی سمندری حدود کے تحفظ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیااس موقع پر ترکی کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف نے خطے میں مشترکہ سمندری حدود کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کی کوششوں اور اقدامات کی تعریف کی ہے۔