اسلام آباد(صباح نیوز)دفترخارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بلاک کا حصہ بنے بغیر امن وسلامتی کو فروغ دینا چاہتا ہے اور تمام ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات کا خواہشمند ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں ایک نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے حالیہ 48ویں اجلاس میں چین کو خصوصی مہمان کے طورپر شرکت کی دعوت دی کیونکہ چین او آئی سی ملکوں سے تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین نے اسلامی ملکوں کے ساتھ تعاون میں مزید اضافے کی غرض سے انہیں مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے کوششیں کی ہیں اور اسی جذبے کے تحت ہم نے چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی کو اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کانفرنس میں خصوصی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دی،
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ او آئی سی کانفرنس ہر حوالے سے کامیاب رہی، او آئی سی کانفرنس پاکستان کی سفارتی تاریخ میں ایک بڑا ایونٹ تھا۔انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں دنیا کو درپیش چیلنجز پر غور کیا گیا، مسلم امہ کے درمیان اتحاد انصاف اور ترقی پر زور دیا گیا، ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ وژن اپنانے پر اتفاق رائے کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ چینی وزیر خارجہ کی بطور خصوصی مہمان شرکت نہایت اہم ہے،
اسلام آباد اعلامیہ، کشمیر پر بھرپور قرارداد ، افغانستان میں ٹرسٹ فنڈ کو فعال کرنا اہم نتائج ہیں، بھارتی میزائل پر تشویش اور فلسطین پر قرارداد ، اسلامو فوبیا، دہشت گردی اہم قراردادوں میں شامل ہیں۔عاصم افتخار احمد نے کہا کہ جموں و کشمیر تنازعہ او آئی سی میں اہم نقطہ رہا، او آئی سی سیکرٹری جنرل ،چین، سعودی عرب سمیت اہم ممالک نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، او آئی سی اجلاس میں کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 2019 کے بعد او آئی سی رابطہ گروپ برائے کشمیر کا یہ چھٹا اجلاس تھا، گروپ نے او آئی سی سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے کشمیر کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ 9 مارچ کو بھارت کی طرف سے میزائل حملے پر قرارداد اہم ہے، او آئی سی رکن ممالک نے پاکستان کے مشترکہ تحقیقات کے مطالبہ کی حمایت کی، او آئی سی اجلاس میں افغانستان کیلئے انسانی ہمدردی کے ٹرسٹ فنڈ کو فعال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد کا مزید کہنا تھا کہ ٹرسٹ فنڈ کے چاٹر پر دفتر خارجہ میں تقریب میں سیکٹری جنرل حسین برہیم طحہ اور اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر نے دستخط کیے، اجلاس میں اسلامو فوبیا کے حوالے سے عالمی دن کی قرارداد کی منظوری کو خوش آئند قرار دیا گیا