اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سپیکر کا فیصلہ ہوگا کہ منحرف ارکان کا ووٹ مانا جائے گا یا نہیں۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کا مستقبل ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے سے جڑا ہے، عدالت ہارس ٹریڈنگ پر پابندی عائد کرے، سندھ ہاؤس میں گدھا اور گھوڑا ٹریڈنگ کا مداوا بھی نہیں ہوا، کارکنوں نے جذبات میں آکر سندھ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ فیصلہ سپیکر قومی اسمبلی کا ہو گا کہ منحرف ارکان کا ووٹ مانا جائے گا یا نہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، اتحادیوں کے پاس4وزارتیں ہیں، جن ارکان کی ویڈیوزآئی انکے ووٹ کا فیصلہ سپیکرکی صوابدید ہے، عمران خان کے نام پرووٹ لے کرخنجرگھونپا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاحیات نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ کا بہت بڑا اقدام ہوگا، اختلاف ہیں توپارٹی سے استعفیٰ دے کردوبارہ عوام میں جائیں، خریدوفروخت کی اسٹاک ایکس چینج منڈی لگی ہوئی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ سیاست کی نئی بنیاد رکھنے جا رہا ہے، سینیٹ الیکشن میں خریداری کی ویڈیو الیکشن کمیشن کوپیش کیں، الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کے معاملے پرکارروائی نہیں کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن کارروائی کرتا توخریدوفروخت بند ہوجاتی، ہمارامقف ہے منحرف ارکان کی تاحیات نااہلی ہونی چاہیے، اسپیکرکافیصلہ ہوگامنحرف ارکان کاووٹ ماناجائیگایانہیں۔
دوسری جانب حماد اظہر نے کہا کہ پارٹی لیڈرکے خلاف ووٹ دینا امانت میں خیانت ہے، پورا یقین ہے سپریم کورٹ کے ججزآئین کی پاسداری کرینگے۔