یوکرین حملے میں روس کے 7سے 15ہزار فوجی ہلاک ہوئے،نیٹو


برسلز(صباح نیوز) نیٹونے کہا ہے کہ یوکرین پرروس کے حملے میں ایک ماہ کے دوران 7ہزارسے 15ہزارروسی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔ نیٹو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کے یوکرین پرحملے کوایک ماہ ہوچکے ہیں اوراس دوران روس کے7ہزارسے15ہزارفوجی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ سیکڑوں زخمی ہیں۔

روس نے مارچ میں اپنے 500فوجیوں کے ہلاک ہونے کا اعلان کیا تھا تاہم اس کے بعد کوئی اعداد وشمارجاری نہیں کئے۔یوکرین کے صدرنے 2ہفتے قبل 13سویوکرینی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ دوسری جانب یوکرین کے دارالحکومت کیف پرروسی بمباری سے روسی صحافی ہلاک ہوگئیں۔

خاتون صحافی اپنے ادارے کی جانب سے روسی حملے کی کوریج کے لئے کیف میں موجود تھیں۔ امریکا کی جانب سے روسی سفارتکاروں کا نکالے جانے کے ردعمل میں روس نے متعدد امریکی سفارتکاروں کوملک سے بے دخل کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم کتنے امریکی سفارتکاروں کوروس بدرکیا جائے گا ان کی تعداد نہیں بتائی۔

یوکرین سے جنگ کی مخالفت ، پیوٹن کے خصوصی مندوب نے ملک چھوڑ دیا

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے خصوصی مندوب برائے دیرپا ترقی اناطولے چوبا نے یوکرین میں جنگ کے خلاف اپنی مخالفت کا حوالہ دیتے ہوئے استعفی دے کر ملک چھوڑ دیا۔ 66 سالہ اناطولے چوبا 1990 کی دہائی کے ان چند معاشی اصلاح کاروں میں سے ایک ہیں جو پیوٹن کی حکومت میں رہے اور مغربی حکام کے ساتھ قریبی تعلقات برقرار رکھے۔

اناطولے چوبا نے اپنے ساتھیوں اور دوستوں کو لکھے گئے خط میں استعفی دینے کا اعلان کیا۔ دوسری جانب روس کے صدر نے قدرتی گیس کی قیمت ڈالر اور یورو کے بجائے روبل میں لینے کا اعلان کردیا، پیوٹن نے کہا کہ کوئی وجہ ہی نہیں کہ امریکا، یورپ کو اشیا دیں اور قیمت ڈالر یا یورو میں لیں۔