اسلام آباد(صباح نیوز) متحدہ اپوزیشن کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کروں گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ میں ملکی قومی اسمبلی کا نگراں ہونے کے ناطے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کروں گا اور آئین کے آرٹیکل95 اور قومی اسمبلی کے رولز آف بزنس 2007 کے رول 37 کے تحت کارروائی ہو گی۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجلاس بلا لیا گیا ہے، سات دن کے اندر اندر فیصلہ ہوجائے گا، تحریک عدم اعتماد میں رکاوٹ نہیں بنوں گا۔
انہوں نے کہا کہ ووٹنگ سات دن کے اندر اندر ہوگی، تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ یکم یا دو اپریل کو ہوسکتی ہے، تحریک عدم اعتماد کے معاملہ پر قومی اسمبلی کو قواعد و ضوابط کے مطابق چلاؤں گا۔اسد قیصر نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے میں کسی قسم کی آئینی خلاف ورزی نہیں کی ۔