اسلام ونظریہ پاکستان ہی ترقی اور ملکی سالمیت کا ضامن ہے،،محمد حسین محنتی


کراچی ( صباح نیوز)  امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اسلام ونظریہ پاکستان ہی ہماری ترقی اور ملکی سالمیت کا ضامن ہے، قیام پاکستان میں سندھ کا کردار ناقابل فراموش ہے، 23مارچ تجدید عہد وفا کا دن ہے،آج82سال گذرجانے کے بعد ایک بار پھر ہمیں اپنے اندر 23مارچ1940 کا جذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے اور تجدید عہد وفاکرتے ہوئے قرارداد پاکستان کے اغراض ومقاصد کی تکمیل اور قائد اعظم  اور دیگر قومی رہنماؤں کے خواب کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے پھر سے ایک قوم بننا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یومِ پاکستان کے حوالے سے صوبائی دفتر کے باہر گلبرگ میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کے دورران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا قیام اللہ کا انعام ہے جو بڑی جدوجہد وقربانیوں کے بعد حاصل ہوا، اس کی قدر اور قیام کے حقیقی مقاصد کی تکمیل کی جدوجہد کو تیز کرنا ہوگا، باب الاسلام سندھ کو سب سے پہلے پاکستان کی قرارداد منظور کرانے کا اعزاز حاصل ہوا ۔

       صوبائی امیر نے کہا کہ آج اسلام ونظریہ پاکستان کو ملک میں نافذ کرنے کی بجائے ان کیخلاف سازش کی جارہی ہے ،ملک اس وقت نازک ترین صورتحال سے دوچار ہے، مہنگائی وبیروزگاری کے طوفان اور معیشت کی بدحالی سے ہر شہری پریشان ہے،دیانتدار قیادت اور اسلامی نظام کے قیام سے ہی قوم کو موجودہ مسائل سے نجات اور ملکی ترقی وخوشحالی کی طرف گامزن کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر صوبائی ناظم عمومی محمد دین منصوری، نائب قیم مولانا آفتاب احمد ملک، قیم ضلع گلبرگ کامران سراج ،سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا  اور علاقے کے معززین بھی موجود تھے۔