پاکستان کا قیام معجزہ اور آزادی وہ نعمت ہے جس کی قدر حکمرانوں نے نہیں کی: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی


کراچی (صباح نیوز ) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام معجزہ اور آزادی اللہ کی وہ نعمت ہے جس کی قدر حکمرانوں نے نہیں کی ہے۔ عسکری قیادت نے تو پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا مگر سیاسی قیادت کی نااہلی نے ملک کو مسائل کی دلدل میں دھنسا دیا ہے۔ بے گناہ عافیہ کا امریکی قید میں ہونا قرارداد پاکستان کی روح کے منافی ہے۔

انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ مزارقائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ اس موقع پر عافیہ موومنٹ کے رضاکاروں نے مزار قائد کے احاطے کے باہر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے دستخطی مہم کا انعقاد کیا جس میں مختلف جماعتوں کے کارکنان اور عوام نے جوش خروش کے ساتھ حصہ لیا۔

عافیہ موومنٹ کے رضاکاروں نے مزار قائد آنے والے عوام کو ڈاکٹر عافیہ کے کیس کے بارے میں آگاہی دینے کیلئے پمفلٹ بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ حکومت عافیہ کو وطن واپس لا کر عوام یا عافیہ کی فیملی پر کوئی احسان نہیں کرے گی بلکہ وہ اپنا قومی اور آئینی فریضہ ادا کرے گی۔

پاکستان آج جس منجدھار میں پھنسا ہوا ہے اس کی وجہ بے گناہ بیٹی کا اغیار کی قید میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی کا خمیازہ قوموں کو بھگتنا پڑتا ہے۔ 82ویں یوم پاکستان پر عافیہ کی قید ناحق کے 6933 دن مکمل ہونا سیاسی قیادت کی نااہلی ہے۔