اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کو آئندہ نسلوں کیلئے تمام تعصبات سے پاک ملک بنائیں گے۔
یوم پاکستان کے موقع پر خصوصی پیغام میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ 23مارچ دھرتی سے تجدید وفا کا دن ہے،یہ دن ہمیں ارض پاک کیلئے کچھ کر گزرنے کا درس دیتا ہے، برصغیر کے مسلمانوں نے اس روز جدا گانہ تشخص کی بنیاد پر الگ وطن کی تحریک شروع کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عہد کریں کہ پاکستان کو آئندہ نسلوں کیلئے تمام تعصبات سے پاک ملک بنائیں گے، پیپلز پارٹی آج آئین، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی جنگ جاری رکھنے کا عزم کرتی ہے۔دوسری جانب پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی وجنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضیٰ نے یوم پاکستان کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان ہمیں وطن کیلئے متحد رہنے کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرار داد پاکستان کے ذریعے الگ وطن ملا،منزل کی جدوجہد جاری رہیں گی، پاکستان کو آئین و قانون کے مطابق چلانے کا عہد کرنا ہوگا۔انہوںنے کہا کہ قوم کو سچ اور جھوٹ، سیاہ اور سفید میں فرق بتانے کا دن ہے، آج پارلیمنٹ کی بالا دستی اورجمہوری تسلسل کو جاری رکھنے کا عزم کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے ملکر دعا کریں، پیپلز پارٹی یوم پاکستان پر ملک میں جمہوری و آئینی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم دھراتی ہے۔