پاکستان اللہ کی رحمت اور مسلمانانِ برصغیر کی دعاؤں کی قبولیت کا مظہر ہے، شہباز شریف


لاہور (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ تعالی کی رحمت اور مسلمانانِ برصغیر کی دعاؤں کی قبولیت کا مظہر ہے۔یومِ پاکستان کے موقع پر جاری کئے گئے اپنے پیغام میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ قائدِ اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں جمہوری جدوجہد سے پاکستان وجود میں آیا، قیامِ وطن کے لیے قربان ہو جانے اور عظیم قربانیاں دینے والوں کو سرجھکا کر سلام کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن ہم تحریکِ پاکستان کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت بھی پیش کرتے ہیں، پاکستان مسلمانانِ برصغیر کی آرزوئوں کا مرکز اور ایک مقدس امانت ہے، گذشتہ 75 برس میں پاکستان جوہری ملک بنا اور اس نے تعمیر و ترقی کا شاندار سفر طے کیا۔ صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں قائدِ اعظم کے فرمان ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ،مسلمانانِ برصغیر کے خوابوں کی تعبیر کے لیے پاکستان کو معاشی قوت بنانا بنیادی تقاضا ہے، ملک کیلئے مفاہمت سے مل کر کام کرنا ہو گا، تمام سیاسی جماعتوں اور فریقین کو مل کر ایک قومی ایجنڈے پر اتفاق کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں قیامِ پاکستان کے مقاصد کو تعبیر دے کر رہیں گے۔