اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جو حکومتی لوگ ڈی سیٹ ہوں گے انہیں ٹکٹ دیں گے، حکومتی ممبران کو آئندہ الیکشن کے لیے بھی ٹکٹ دیں گے۔
ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پنجاب میں تحریک عدم اعتماد پر ابھی غور نہیں کیا گیا جب عدم اعتماد آئے گی تو غور کیا جائے گا، پرویز الہی کو وزیر اعلی بنانے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ جو ممبران سیٹیں قربان کرنے کو تیار ہیں ہم پر بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ انہیں ٹکٹ دیں، منحرف ارکان کو ٹکٹ کے وعدے نہ بھی کرتے تو کئی ارکان ساتھ ہوتے، شاید آدھے سے زائد لوگ ٹکٹ کے وعدے کے بغیر ساتھ آتے، منحرک ارکان اقتدار چھوڑ کر ہمارے ساتھ شامل ہورہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان نے کہا کہ سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنا ہارس ٹریڈنگ میں شامل ہے، اقتدار چھوڑ کر اپوزیشن میں شامل ہونا ہارس ٹریڈنگ نہیں ہے۔شاہد خاقان نے کہا کہ موجودہ اسمبلیاں مدت پوری کریں گی ایسے کسی فیصلے کا علم نہیں ہے، عوام کا جو دبا وپڑا ہے وہ معمولی نہیں ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ راجہ ریاض جس جماعت میں جائیں گے انہیں ٹکٹ ملے گا، کسی نے کوئی پیسے مانگے نہ دیے گئے ہیں، حکومت کے پاس ثبوت ہیں تو عوام کے سامنے رکھیں۔