اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان سے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژو نے ملاقات کی، دو طرفہ امور اور خطہ کی صورتحال پر بات چیت کی۔ملاقات میں سی پیک سمیت پاک چین تعلقات پر بھی تبادلہ خیال ہوا،ملاقات کے دوران وزیراعظم نے چینی طیارے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
ملاقات کے دوران عمران خان چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں پرکشش مواقع سے فائدہ اٹھانے کا خیرمقدم بھی کیا۔وزیراعظم نے وانگ یی کا پاکستان میں گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور گزشتہ روز ہونے والے چینی طیارے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے پاک چین دوطرفہ تعلقات کی رفتار اور بدلتے علاقائی، بین الاقوامی منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماوں نے یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، پائیدار مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کی ضرورت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اس کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے بارے میں بتایا۔عمران خان نے بھارت کی طرف سے پاکستان کی حدود میں میزائل کے نام نہاد “حادثاتی” میزائل کے بارے میں چینی وزیر خارجہ کو بھی آگاہ کیا اور پاکستان کی طرف سے مشترکہ تحقیقات کے مطالبے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا جائے کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کو افغانستان میں امن و استحکام کو فروغ دینے اور وہاں انسانی بحران کو روکنے کے لیے گہرے تعلقات کو جاری رکھنا چاہیے ۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) کا دوسرا مرحلہ صنعتی ترقی، زراعت اور معلومات جیسے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کے ساتھ اقتصادی ترقی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو تقویت دے گا،
اس قبل چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے اہم ملاقات ہوئی۔ وانگ ژی آرمی چیف سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔واضح رہے کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی 3 روزہ دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچے ہیں۔