آرمی چیف سے سعودی اور کرغز وزرائے خارجہ، آذر وزیر دفاع کی ملاقاتیں


راولپنڈی(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی، کرغزستان کے وز رائے خارجہ اور آذربائیجان کے وزیر دفاع نے الگ الگ ملاقاتیں کیں،

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقاتوں میں افغانستان کی موجودہ صورتحال اور باہمی دفاعی تعلقات پر بھی غور کیا گیا۔سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات میںآرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ اور تاریخی تعلقات کی قدر کرتا ہے۔ سعودی عرب کی اسلامی دنیا میں منفرد حیثیت کو تسلیم کرتے ہیں۔آرمی چیف نے او آئی سی اجلاس کو تاریخی اقدام قرار دیا اور کہا کہ اجلاس سے دنیا اسلامی ممالک کی مشترکہ حکمت عملی اور سوچ سے آگاہ ہو گی، مشترکہ حکمت عملی سے امن اور استحکام کے لیے ابھرتے چیلنجز کا حل ڈھونڈنے میں مدد ملے گی۔

سعودی وزیر خارجہ نے افغان صورتحال کے حوالے سے پاکستان کے کردار کوسراہا ، شہزادہ فیصل نے سرحدی انتظامات ،علاقائی استحکام کے لیے بھی پاکستانی اقدامات کی تعریف کی۔بعدازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آذربائیجان کے وزیر دفاع  ذاکر حسنوف نے ملاقات کی، دوطرفہ تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی، آرمی چیف نے اس امید کا اظہار کیا کہ خطے کے امن و استحکام کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے او آئی سی کانفرنس میں حل تلاش کیا جاسکے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ سے آذربائیجان کے وزیر دفاع کی جی ایچ کیو میں ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے مابین جیو سٹریٹجک اہمیت اور اقتصادی اور دفاعی تعاون کے امکانات ہیں، او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس افغانستان کی سنگین انسانی صورتحال سے نمٹنے میں مددگار ہوگا، یہ اجلاس عالمی برادری کو مشترکہ وژن اور حکمت عملی پر لانے کیلئے تاریخی پیش رفت ہے، خطے میں امن و استحکام کے لئے ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا حل تلاش کیا جا سکے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل ذاکر حسنوف  نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا، ملاقات میں دونوں جانب سے خطے میں امن و سلامتی کے لئے کوششوں سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ذاکر حسنوف نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کی میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔

اس سے قبل کرغزستان کے وزیر خارجہ  ارسلان قازاکبایف کی جی ایچ کیو میں آمد ہوئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک کے مابین فوجی تعاون اور دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی، دونوں جانب سے خطے میں دیرہا امن اور استحکام کیلئے مل کر کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس افغانستان کی سنگین انسانی صورتحال سے نمٹنے میں مددگار ہوگا، یہ اجلاس عالمی برادری کو مشترکہ وژن اور حکمت عملی بنانے کیلئے تاریخی پیش رفت ہے، خطے میں امن و استحکام کے لئے درپیش چیلنجوں کا حل تلاش کیا جا سکے گا۔

ملاقات میں کرغزستان کے وزیر خارجہ نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کرغز وزیر خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کی میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔