اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کے بجائے پی ٹی آئی حکومت کے تاخیری حربے ناقابل برداشت ہیں، عمران خان اور ان کے حواریوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ پی پی پی میڈیا سیل کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کے بجائے پی ٹی آئی حکومت کے تاخیری حربے ناقابل برداشت ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں عوام کے خلاف عمران خان کے معاشی جرائم پر انہیں کسی صورت معاف نہیں کریں گی۔ بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ عمران خان اور ان کے حواریوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔