اسلام آباد(صباح نیوز) او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے اجلاس میں امریکی وفد کی سربراہ نائب وزیر خارجہ برائے سویلین سکیورٹی، جمہوریت اور انسانی حقوق عذرا ضیانے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
وزیر خارجہ نے پاکستان کی میزبانی میں منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی)وزرا ء خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس میں شرکت پر انڈرسیکریٹری اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اجاگر کیا کہ مسلمان دنیا کو سیاسی ، سلامتی، سماجی ومعاشی محاذوں پر درپیش مواقع اور مسائل کے تناظر میں وزرا ء خارجہ کونسل کے اجلاس نے خصوصی اہمیت اختیار کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی وفد کی شرکت سے امریکہ اور او آئی سی رکن ممالک کے درمیان روابط کار کو گہرا کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیر خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان اور امریکہ کے دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات ہیں اور یہ کہ دونوں ممالک کے درمیان روابط کار خطے اور دنیا میں امن، ترقی اور سلامتی کے فروغ میں اہم ہیں۔
وزیر خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات میں گہرائی اورو سعت لانے کے لئے پرعزم ہے۔ وزیر خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان کی قومی سلامتی پالیسی جس کا بنیاد ی جوہر جیواکنامکس ہے، کامرکزومحور انسانی ترقی، خطے کو جوڑنا اور پرامن ہمسائیگی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے امریکی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور پاکستان کی طرف سے پیش کردہ پرکشش مواقع کے ثمرات سے مستفید ہوں۔ وزیر خارجہ نے یہ بھی زور دیا کہ پاکستان کے تیار کردہ خصوصی اقتصادی زونز میں امریکی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے کئی مواقع موجود ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف وزیوں کو اجاگر کیا جومتقاضی ہیں کہ عالمی برادری مقبوضہ خطے میں کئے جانے والے ان جرائم پر بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔
شاہ محمود قریشی نے بھارت کی طرف سے نام نہاد حادثاتی طور پر چلنے والے میزائل کے پاکستانی علاقے میں گرنے کے بارے میں آگاہ کیا اور پاکستان کی طرف سے مشترکہ تحقیقات کے مطالبے پر زوردیا۔ انہوں نے دوبارہ ایسا نہ ہونے کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔وزیر خارجہ نے قرار دیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے تقاضوں کے مطابق بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے یوکرین کے مسئلے کے حل پر زور دے چکا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی زور دیا کہ افغانستان میں امن و استحکام کے فروغ اور وہاں انسانی بحرانوں سے بچا ئوکے لئے پاکستان اور امریکہ کو ربط وتعلق کو گہرا کرنے کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا۔ وزیر خارجہ اور امریکی نائب وزیر خارجہ نے رواں برس پاکستان اور امریکہ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے پچھتر (75) سال مکمل ہونے کے موقع کو بھرپور انداز سے منانے پر اتفاق کیا۔