اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی)وزرا خارجہ کونسل کے48ویں اجلاس کے معزز مہمانوں کو پاکستان کے عوام، پارلیمنٹ اور تمام اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے خوش آمدیدکہتے ہیں۔ او آئی سی امت مسلمہ کی وحدت، اخوت و بھائی چارے کی روشن اسلامی قدر کی علامت ہے۔
ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے منگل کے روز سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شہبا زشریف نے کہا کہ یہ اسلامی دنیا کے عوام کی امنگوں، آرزئوں اور مفادات کی امین ہے۔ امہ پرامید ہے کہ یہ ادارہ ان کے مفادات و حقوق کے تحفظ اور فلسطین، جموں و کشمیر سمیت دنیا بھرمیں ستائے جانے والے مسلمانوں کے لئے دفاعی حصار ثابت ہوگا۔ ہم آپ کی کامیابی اور پرلطف قیام کے لئے دعا گو ہیں جبکہ شہباز شریف نے اپنے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ براڈشیٹ کے سی ای او کاوے موسوی کے انکشافات نے سیاسی بنیاد پرمیاں محمد نواز شریف اوران کے خاندان کے خلاف نام نہاد احتساب کے نام پر جاری وچ ہنٹنگ کو بے نقاب کردیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر کرپشن کے الزامات اس لئے لگائے گئے تاکہ انہیں سیاست سے باہر رکھا جائے، اب تما جھوٹوں کا پلندہ، دھوکہ بازی اور کردارکشی کی عمارت منہدم ہو گئی ۔